جمعہ, اگست 29, 2025
ہومLatestموجودہ ڈیموں کی گنجائش میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیراعظم

موجودہ ڈیموں کی گنجائش میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، وزیراعظم

نارووال: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم سمیت موجودہ ڈیموں کی گنجائش میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا ناگزیر ہے، ہمارے پاس کئی نئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پانی ذخیرہ کرنے کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لانا ہوں گے، وفاق اور صوبے سرجوڑ کر بیٹھیں گے تو حل ڈھونڈ لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں آنے والی قدرتی آفات نے پہلے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کو متاثر کیا اور اب پنجاب کے میدانوں میں تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔

شہباز شریف نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں انتظامیہ اور اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس اور دیگر محکمے دن رات کام کر رہے ہیں جو قابلِ تعریف ہے۔

انہوں نے افواجِ پاکستان، این ڈی ایم اے اور مقامی قیادت کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہیلی کاپٹر، کشتیاں اور دیگر ضروری سہولتیں فراہم کر کے عوام کی مدد کی۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے نشانے پر ہیں، لہذا آئندہ سالوں میں بھی ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے وفاق اور تمام صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا حل پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا ہے تاکہ فلیش فلڈز اور نقصانات پر قابو پایا جا سکے، اس مقصد کے لیے فوری طور پر ڈیمز اور ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھانے پر کام شروع کرنا ہوگا اور دیامر بھاشا ڈیم سمیت موجودہ ڈیموں کی گنجائش میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر آج سے عملی اقدامات شروع کیے جائیں تو اس بڑے مقصد کو حاصل کرنے میں کئی سال لگیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ سندھ کی جانب بڑھنے والے سیلابی ریلے میں اللہ تعالی اپنی خاص رحمت سے کمی فرمائے۔

انہوں نے 2022 کے سیلابی بحران کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اس وقت سندھ اور بلوچستان شدید متاثر ہوئے تھے اور پاکستان کو اربوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر منصوبہ بندی چوہدری احسن اقبال، صوبائی و وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سمیت اعلی حکام بھی موجود تھے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں غیر معمولی صورتحال ہے، چناب میں قادرآباد اور خانکی بیراج پر شدید سیلاب ہے، گجرات، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، سرگودھا، منڈی بہا الدین، چنیوٹ اور جھنگ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ راوی کا سیلابی ریلہ شاہدرہ اور نارووال کو ممکنہ طور پر متاثر کر سکتا ہے۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!