بدھ, اگست 27, 2025
ہومLatestوزیر اعظم کی کسٹمز نظام فیس لیس، شفاف و جدید ٹیکنالوجی سے...

وزیر اعظم کی کسٹمز نظام فیس لیس، شفاف و جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کسٹمز کے جانچ پڑتال ،تخمینہ نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ،فیس لیس کر کے شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسٹم نظام کی بہتری و جدت کا مقصد برآمدات و درآمدات سے منسلک کاروباری حضرات کو سہولت پہنچانے کیساتھ ملکی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔

جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کسٹمز کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو فیس لیس کرنے پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر اکنامک افیئرز ڈویژن احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ میں کئے جانے والے اب تک کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹم میں جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو شناخت کے بغیر کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات پر کام جاری ہے، مصنوعی ذہانت پر مبنی رسک مینجمنٹ سسٹم جلد فعال ہو جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹم کی سکینرز کے ذریعے جانچ پڑتال میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے کسٹم کلیرنس میں درکار وقت کم سے کم ہوتا جا رہا ہے۔حکومت کی سمگلنگ کیخلاف موثر کارروائیوں سے اشیاء کی غیر قانونی ترسیل میں کمی اور اشیا کی باقاعدہ قانونی نظام کے تحت کسٹم کلیئرنس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کسٹمز کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ اور فیس لیس کر کے شفافیت کو یقینی بنایا جائے، کسٹمز نظام کی بہتری اور جدت کا مقصد برآمدات اور درآمدات سے منسلک کاروباری حضرات کو سہولت بہم پہنچانے کے ساتھ ملکی ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کسٹمز جانچ پڑتال اور تخمینہ کیلئے انتظامی کارروائیوں میں درکار وقت کو کم سے کم کیا جائے۔ وزیراعظم نے حکم دیا کہ کسٹمز نظام کی اصلاحات کے موثر نفاذ کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔انہوں نے کہا کہ معاشی و تجارتی اصلاحات کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کسٹمز نظام کی اصلاحات میں عالمی سطح پر کی جانیوالی قابل عمل اور بہترین حکمت عملی سے ہر ممکن استفادہ حاصل کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معاشی ترقی و خوشحالی اور تجارت و سرمایہ کاری میں بہتری کی منزل کے حصول کیلئے حکومت اور تمام متعلقہ ادارے پرعزم ہیں، کسٹمز تخمینے پر کاروباری حضرات کی جانب سے کی جانے والی نظر ثانی اپیل سننے کا اختیار غیر جانبدار افسران کے سپرد کیا جائے۔

وزیراعظم نے کسٹم حکام اور تمام متعلقہ اداروں کو اصلاحات کے جلد، مکمل اور موثر نفاذ کیلئے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسٹم نظام میں شفافیت، ٹیکس کلیکشن میں اضافہ اور کاروباری حضرات کو سہولت جیسے اہم پہلوئوں کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

+ posts
متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!