کراچی: میزبان اور کامیڈین تابش ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ طالب علمی کے دنوں میں مجھے کچھ لوگوں نے اغوا کیا لیا تھا۔
ایک پوڈ کاٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہ واقعہ میری زندگی کا سب سے خوفناک اور ناقابلِ فراموش تجربہ تھا ۔انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ہماری یونیورسٹی میں سالانہ ڈنر کا انعقاد ہو رہا تھا، پہلے تو مجھے تقریب کی میزبانی سے روک دیا گیا، پھر کہا گیا کہ میں تقریب میں شریک تو ہوسکتا ہوں لیکن اسٹیج پر نہ جاوں، تاہم جب میرا نام رول آف آنر کے لیے پکارا گیا اور میں اسٹیج کی طرف بڑھا تو چند افراد نے مجھے پکڑ لیا اور زبردستی ایک کار میں بٹھا کر لے گئے۔
تابش ہاشمی نے کہا کہ گاڑی پہلے ہی لوگوں سے بھری ہوئی تھی، چار افراد نے مجھے گھیرے رکھا تھا، اغواکاروں نے اسلحہ تان کر دھمکی دی کہ وہ چاہیں تو مجھے قتل کر کے لاش غائب کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مجھے یقین ہو گیا تھا کہ میں زندہ واپس نہیں آوں گا، کئی گھنٹے قید میں رکھنے کے بعد اغواکار مجھے سپر ہائی وے کے قریب ویران مقام پر لے گئے، ڈرایا دھمکایا اور پھر واپس یونیورسٹی کے ڈنر میں لے جا کر چھوڑ دیا۔