واشنگٹن: جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ شمالی کوریاہر سال 10 سے 20 جوہری ہتھیار تیار کر سکتا ہے۔
واشنگٹن میں سینٹر فار اسٹریٹیجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز میں خطاب کرتے ہوئے صدر لی جے نے کہا کہ شمالی کوریا نے ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کر لیا ہے جو امریکا تک پہنچ سکتا ہے، اور وہ مسلسل اپنی صلاحیت بڑھا رہا ہے تاکہ ہر سال 10 سے 20 ایٹمی بم تیار کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شمالی کوریا کو روکنے اور اس پر پابندیاں لگانے کی کوشش کی، لیکن نتیجہ یہ نکلا کہ انہوں نے اپنے ایٹمی پروگرام کو مزید آگے بڑھایا۔ لی جے نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ تین سے چار برسوں میں شمالی کوریا کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
تاہم انہوں نے زور دیا کہ جنوبی کوریا صرف روایتی ہتھیاروں پر انحصار کرتے ہوئے شمالی کوریا کو روکنے کے لیے پر عزم ہے۔