نیویارک (لارڈ میڈیا) پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ کے حامل افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کر دی ہے۔ یہ فیصلہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان نیویارک میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ویزا شرط کے خاتمے پر معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاک سعودیہ اعلیٰ سطح کے رابطوں اور ادارہ جاتی تبادلوں میں سہولت فراہم کرے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کی اسٹریٹیجک شراکت داری مزید مضبوط ہو گی۔


