عمان (لارڈ میڈیا) بحری جہاز ال کائیاپر میں عمان کی بندرگاہ کے قریب پراسرار آگ لگنے کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی انجینئر حماد عبیدہ لاپتا ہیں۔ اہلخانہ کے مطابق حماد عبیدہ بحری جہاز پر تھرڈ انجینئر تعینات تھے اور 6 ستمبر کو ڈیوٹی کے لیے کراچی سے روانہ ہوئے تھے۔
13 ستمبر کو بحری جہاز میں آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس کے نتیجے میں جہاز کا انجن روم اور دیگر حصے متاثر ہوئے۔ حادثے کے وقت بحری جہاز پر 25 افراد پر مشتمل عملہ موجود تھا، جن میں سے 23 کو ریسکیو کرلیا گیا۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت حماد عبیدہ کی ڈیوٹی انجن روم کی رات کی شفٹ میں تھی، جہاں زندہ بچنے کے امکانات انتہائی کم تھے۔ کریو ممبرز نے بھی اس کی تصدیق کی کہ انجن روم میں موجود افراد کے زندہ بچنے کے امکانات کم تھے۔
اہلخانہ کے مطابق فارن آفس اور میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے کرائسس منیجمنٹ سیل سے رابطے کے باوجود حماد عبیدہ کا سراغ نہیں مل سکا۔ دو روز گزرنے کے باوجود حکومتی سطح پر بھی کوئی معلومات نہیں مل سکیں۔
حماد عبیدہ کے اہلخانہ نے حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ عمان حکام سے رابطہ کرکے ان کی تلاش یقینی بنائی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حماد عبیدہ جاں بحق ہوگئے ہیں تو ان کی میت کی ریکوری کرائی جائے۔


