لندن: انگلش فٹبال کلب لیورپول کے مصری فارورڈ محمد صلاح نے اپنے کیریئر میں تیسری مرتبہ انگلینڈ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے تاریخ میں پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے 1973-74 کے سیزن سے شروع ہونے والے اس اعزاز کو تین بار اپنے نام کیا۔
محمد صلاح کو پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن ( پی ایف اے )اور کھلاڑیوں کی یونین کے ارکان کی جانب سے سب سے زیادہ ووٹ ملے۔
مصری فٹبال اسٹار نے اس کھیل کے کئی عظیم کھلاڑیوں مارک ہیوز، ایلن شیئرر، کرسٹیانو رونالڈو، تھیری ہنری، گیرتھ بیل اور کیون ڈی بروئن کو پیچھے چھوڑ دیا، ان سب نے یہ ایوارڈ دو، دو مرتبہ جیتا۔ محمد صلاح نے یہ انعام پہلی بار 2017-2018 کے سیزن میں جیتا تھا، جو کہ لیورپول کے ساتھ ان کا پہلا سیزن تھا۔
دوسری مرتبہ یہ اعزاز 2021-2022 میں اپنے نام کیا، اور پھر گزشتہ سیزن میں شان دار کارکردگی کے بعد تیسری بار اس انعام کے مستحق قرار پائے۔
آخری بار محمد صلاح نے اپنی ٹیم کو پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جتوانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔