اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
یہ رابطہ یمن کے حوثی جنگجوؤں کے سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ہوا۔ ان حملوں میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے۔
وزیراعظم نے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ حوثیوں کی کارروائیاں عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں خلل ڈال سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن کے قیام کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو دانشمندانہ قیادت پر خراج تحسین پیش کیا اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی حمایت اور خطے میں امن کی کوششوں کو سراہا اور دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔


