اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اسلام آباد پولیس نے تاوان کی غرض سے اغوا کیے گئے غیر ملکی شہری کو بحفاظت بازیاب کرانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا تھا۔ غیر ملکی شہری کو آج صبح سیکٹر G-8 سے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور ایس پی سٹی محمد خرم اشرف کی زیرِ نگرانی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔ پولیس نے جدید تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا اور تھانہ سہالہ کی حدود سے غیر ملکی شہری کو بازیاب کرالیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اغوا میں ملوث 09 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واردات کے دوران ملزمان نے دیگر سٹاف سے نقدی، قیمتی موبائل فونز اور اشیاء بھی چھین لی تھیں۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑیاں، چھینی گئی نقدی اور موبائل فونز برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کی حفاظت کیلئے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اغوا برائے تاوان میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کا عزم کیا گیا ہے۔


