تاشقند (شِنہوا) ازبکستان کے علاقے نمنگان کے گورنر شوکت عبدالرزاقوف نے کہا ہے کہ نمنگان ریجن میں چینی ٹیکنالوجی صنعتی تبدیلی کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے اور اقتصادی ترقی کو مضبوط رفتار فراہم کر رہی ہے۔
شِنہوا کو دیئے گئے انٹرویو میں عبدالرزاقوف نے بتایا کہ نمنگان چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید وسعت دے رہا ہے۔ بنیادی شہری سہولتوں، تعمیراتی سامان، ماحول دوست توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں 70 سے زائد مشترکہ منصوبوں پر کام جاری ہے۔
زراعت اور ٹیکسٹائل نمنگان ریجن کی اہم صنعتوں میں شامل ہیں۔ اس کا دارالحکومت نمنگان شہر "پھولوں کے شہر” کے نام سے مشہور ہے اور یہ ازبکستان سے تیار شدہ ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کرنے والے بڑے شہروں میں شمار ہوتا ہے۔
عبدالرزاقوف نے کہا کہ زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ اور زرعی صنعت کو فروغ دینا خطے کی ترقی کی اہم ترجیحات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں نمنگان ریجن نے چین کے سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے سے کپاس کی کاشت کی جدید تکنیک، بہتر بیج اور خصوصی کھاد بڑے پیمانے پر استعمال کی ہے جس کے نتیجے میں فی ہیکٹر کپاس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے زرعی شعبے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔

ازبکستان کے شہر نوکس میں بحیرہ ارال کے بین الاقوامی اختراعی مرکز کے باہر چین کے سمارٹ زرعی ٹیکنالوجی نمائشی علاقے کا منظر۔(شِنہوا)
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی فارمز میں لیونڈر اور دیگر قیمتی خوشبودار فصلوں کی کاشت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے زرعی ترسیلی سلسلے کو دواسازی، خوشبو بنانے اور ماحول دوست سیاحت کے شعبوں تک وسعت دی جا رہی ہے۔
صنعتی اور بنیادی شہری سہولتوں کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے عبدالرزاقوف نے بتایا کہ خطے میں ایک چینی کمپنی کی جانب سے تعمیر کئے گئے 500 میگاواٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے کے پہلے یونٹ کو دسمبر 2024 میں کامیابی کے ساتھ بجلی کے قومی گرڈ سے منسلک کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے مقامی صنعتی زونز میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں نمایاں مدد ملی ہے۔
عبدالرزاقوف نے نمنگان کی تزویراتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کو وسطی ایشیا کی گنجان آباد وادی فرغانہ سے ملاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمنگان علاقائی رابطوں کے منصوبوں، خصوصاً چین، کرغزستان، ازبکستان ریلوے منصوبے میں فعال طور پر شامل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ریلوے منصوبہ نہ صرف نمنگان کی برآمدات کا دائرہ وسیع کرے گا بلکہ اسے وادی فرغانہ کی وسیع تر علاقائی منڈی سے منسلک کرنے میں بھی مدد دے گا۔
عبدالرزاقوف نے کہا کہ چینی کمپنیوں نے نمنگان میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور ترقی کے حوالے سے قیمتی تجربات متعارف کرائے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے ہیں۔
گورنر نے مزید کہا کہ نمنگان چینی کمپنیوں اور مقامی حکام کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے، ترقی کے مواقع میں شراکت داری اور باہمی مفادات کے حصول کا خواہاں ہے۔


