شہر (لارڈ میڈیا): محکمہ پاسپورٹس نے شہریوں کی سہولت کے لیے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں پاسپورٹ ڈلیوری کاؤنٹرز ہر ہفتے کے روز کھلے رہیں گے۔ یہ سہولت دو ماہ تک جاری رہے گی۔ اعلامیے کے مطابق، شہری ہفتہ کے روز صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک اپنے تیار پاسپورٹس وصول کرسکیں گے۔ یہ اقدام ان شہریوں کے لیے ہے جو مصروفیات یا دیگر وجوہات کی بنا پر معمول کے دفتری اوقات میں کاؤنٹرز تک نہیں پہنچ سکتے۔
محکمہ پاسپورٹس نے مزید کہا ہے کہ تیار پاسپورٹس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ چھ ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے پاسپورٹس حکومتی پالیسی کے تحت تلف کیے جائیں گے، لہذا شہری اپنے پاسپورٹس مقررہ مدت کے اندر وصول کرلیں۔


