قاہرہ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور مصر ترقی پذیر ممالک کے درمیان دوستی، یکجہتی اور تعاون کی بہترین مثال ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط باہمی سیاسی اعتماد، باہمی فائدہ مند تعاون کے مثبت نتائج اور کثیرجہتی امور میں قریبی اور موثر رابطہ موجود ہے۔
شی جن پھنگ نے یہ بات مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچنے پر دیئے گئے اپنے تحریری خطاب میں کہی۔
اپنے خطاب میں شی جن پھنگ نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے مصر کی حکومت اور عوام کو مخلصانہ اور نیک خواہشات پیش کیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور مصر دونوں قدیم تہذیبوں کے حامل ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان ہزاروں سال پرانی روایتی دوستی ہے جو وقت کی آزمائش پر پوری اتری ہے۔

چینی صدر شی جن پھنگ کا مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر مصر کے دورے پر قاہرہ پہنچنے پر خیرمقدم کیا جا رہا ہے-(شِنہوا)
شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد بین الاقوامی اور علاقائی حالات میں تبدیلیوں کے باوجود چین اور مصر نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور باہمی فائدے کے لئے تعاون کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے سربراہان مملکت نے مل کر چین اور مصر کے جامع تزویراتی شراکت داری پر مبنی تعلقات کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ اس دورے میں وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ چین مصر تعلقات، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں رہنما چین اور مصر کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری کی ترقی کے لئے مشترکہ طور پر آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کریں گے اور دونوں ممالک کی دوستی کا نیا باب رقم کریں گے۔


