اسلام آباد: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے ،شہروں کی جدید خطوط پر تعمیر وترقی کیلئے جاپان کے تجربات سے سیکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
جاری بیان کے مطابق مریم نواز نے جاپان کے تجارتی، معاشی اور ثقافتی مرکز یوکو ہاما شہر کا دورہ کیاجہاں انہیں یوکو ہاما کے ٹائون ہال میں اربن ڈویلپمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلی نے یوکوہاما اور پنجاب میں ماحولیات اور شہروں کو جدید ترقیاتی نظام فراہم کرنے سمیت مختلف شعبوں میں سٹی ٹو سٹی تعاون پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے پنجاب میں سڑکوں اور عمارتوں کا تعمیراتی معیار جاپان کے برابر لانے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور یوکو ہاما میں تعاون کے مختلف امکانات پر غور کیا گیا جبکہ لاہور اور اسلام آباد کے درمیان تیز رفتار ٹرین چلانے اور ریلوے اپ گریڈیشن میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلی نے جدید ترین جاپانی چیئر لفٹ اور ایئر کیبن منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔وزیراعلی نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہروں کی جدید خطوط پر تعمیر وترقی کیلئے جاپان کے تجربات سے سیکھیں گے۔