اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ قوم نے ثابت کیا کہ کوئی دشمن پاکستان پر میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا، مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، وزیراعظم کی سربراہی میں سیاسی قیادت نے ثابت کیا کہ پاکستان کی آن اور شان کے لئے کسی فیصلے سے ہچکچاتے نہیں، دنیا پاکستان کو تحسین کی نظر سے دیکھ رہی ہے ،آپریشن بنیان مرصوص میں دفاعی شعبے میں بے مثال کامیابی حاصل کی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 78ویں یوم آزادی پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ اس کے نوجوان ہیں، اڑان پاکستان نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرے گا،وہ پاکستان کی پہچان بن کر دنیا میں اپنی صلاحیت منوائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم اور علامہ اقبال کی فکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،شہدائے آزادی کی قربانیوں کی بدولت ہم آزاد وطن کے مکین ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب معرکہ حق معاشی اور اقتصادی میدان میں لڑنا ہے، اڑان پاکستان سے ملک کو ناقابل تسخیر اقتصادی قوت بنایا جائے گا۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ استاد، ڈاکٹر، انجینئر، تاجر، کسان اور مزدور کو 2035 تک پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے ہدف کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔