ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت نے بعض مغربی ممالک، چین مخالف میڈیا، تنظیموں اور سیاست دانوں کی جانب سے "ہانگ کانگ الائنس” کے بغاوت پر اکسانے کے کیس سے متعلق بے بنیاد الزامات اور کیچڑ اچھالنے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں حکومتی ترجمان نے کہا کہ عدالت کی طرف سے دیے گئے فیصلے کی وجوہات میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ ملزمان پر ان کے سیاسی نظریات یا عقائد کی وجہ سے مقدمہ نہیں چلایا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ عدالت نے صرف کیس سے متعلق قوانین اور ثبوتوں کی روشنی میں اس بات کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ استغاثہ معقول شک سے بالاتر جرم ثابت کر پایا ہے یا نہیں۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئین ریاست کا بنیادی قانون اور ایچ کے ایس آر کے آئینی نظام کا سب سے اہم ستون ہے، دنیا کا کوئی بھی آئین اپنے شہریوں کو آئینی نظام اور ملک کے قائم کردہ بنیادی ڈھانچے کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس کیس میں عدالت کی طرف سے سنایا گیا فیصلہ ٹھوس، حتمی، مدلل اور جامع ہے جس میں متعلقہ قانونی اصولوں، شواہد اور سزا کی وجوہات سے متعلق عدالت کے تجزیے کی تفصیل سے وضاحت کی گئی ہے۔


