چنائی: بھارت کی کرکٹ ٹیم کے سینئر سپنر روی چندرن ایشون نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سیزن 2026 میں شمولیت پر اپنی ٹیم چنائی سپر کنگز سے وضاحت طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں ٹیم کے منصوبوں کے لئے موزوں نہیں تو ٹیم سے علیحدگی کے لیے بھی تیار ہوں۔
38 سالہ روی چندرن ایشون نے اپنے یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی اپنے مستقبل سے متعلق وضاحت چاہتا ہے۔ میں نے صرف وضاحت مانگی ہے کہ ٹیم مجھے کیسے دیکھتی ہے۔ اگر میں ان کے منصوبو ں کے لئے موزوں نہیں ہوں تو مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں۔
واضح رہے کہ چنائی سپر کنگز کو اب دیگر اہم فیصلے بھی کرنا ہیں، جن میں کپتانی کا معاملہ بھی شامل ہے۔ روی چندرن ایشون نے آئی پی ایل 2025 میں چنائی سپر کنگز کے لئے9 میچ کھیلے ، جو ان کے کیریئر میں کسی سبھی سیزن کے سب سے کم میچ تھے ۔
اس سیزن میں ان کا اکانومی ریٹ بھی 9.12 رہا، جو ان کے کیریئر کا سب سے مہنگا سیزن ثابت ہوا۔یاد رہے کہ روی چندرن ایشون کو چنائی سپر کنگز نے گزشتہ سال کی نیلامی میں 9.75 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ وہ چنائی شہر سے تعلق رکھتے ہیں۔
روی چندرن ایشون اس سے پہلے راجستھان رائلز، دہلی کیپیٹلز، پنجاب کنگز اور رائزنگ پونے سپرجائنٹ کے لیے کھیل چکے ہیں۔