لاہور (لارڈ میڈیا) سابقہ اداکارہ نور بخاری نے شوہر عون چوہدری سے طلاق کے بعد دوبارہ شادی کرنے پر خاموشی توڑی ہے۔ ایک انٹرویو میں نور بخاری نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر اللہ کی مرضی سے دوبارہ شادی کر چکے ہیں اور اس فیصلے پر دونوں خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘اللہ کی مرضی کے بغیر کچھ نہیں ہوتا، شاید اللہ نے ہی ان کے دل میں یہ بات ڈالی’۔
نور بخاری نے مزید کہا کہ ‘الحمداللہ دوبارہ شادی کے فیصلے سے ہم دونوں خوش ہیں’۔ انہوں نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری محبت شاید مری نہیں تھی، اسی لئے ہم دوبارہ ایک ہوگئے’۔ نور بخاری نے اس بات پر زور دیا کہ دوبارہ شادی ہونا اللہ کے معجزے سے کم نہیں ہے۔
انہوں نے عون چوہدری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘عون ایک بہت نیک دل انسان ہیں اور میرے بچے ان سے بہت پیار کرتے ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے انہیں باپ کے بعد ایک عمدہ شوہر عطا کیا ہے۔
واضح رہے کہ نور بخاری کی پہلی شادی عون چوہدری سے ہوئی تھی، پھر طلاق کے بعد ان کی دو شادیاں ہوئیں جو طلاق پر ختم ہوئیں۔ بعدازاں انہوں نے عون چوہدری سے ہی چوتھی شادی کی۔


