نوشکی (لارڈ میڈیا): ضلع نوشکی کے علاقے کلی مینگل میں نامعلوم مسلح افراد نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت علی احمد محمد حسنی کی اہلیہ بی بی حنیفہ اور بیٹی حفصہ کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کے وقت گھر میں صرف ماں اور بیٹی موجود تھیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتولہ بی بی حنیفہ ایک نجی اسکول میں ملازمت کرتی تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے دونوں خواتین کی لاشیں میر گل خان نصیر اسپتال منتقل کیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثا کی جانب سے تاحال مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ صدر پولیس تھانے کے ایس ایچ او واقعے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں۔


