نیویارک (لارڈ میڈیا): بل گیٹس کی بیٹی فیبی گیٹس اپنی کمپنی ‘فیا’ پر کوکی اسٹفنگ کے الزامات کی وجہ سے تنازع میں گھر گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فیبی گیٹس نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی ساتھی صوفیا کیانی کے ساتھ ‘فیا’ کی بنیاد رکھی تھی، جو آن لائن خریداری میں مدد دیتی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ‘فیا’ کے کچھ فیچرز صارفین کے براؤزر میں کوکیز ڈال کر خریداریوں کا کمیشن حاصل کرتے تھے، جسے کوکی اسٹفنگ کہتے ہیں۔ امریکی ماہرین کے مطابق یہ عمل ثابت ہونے پر 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے، تاہم فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
فیا نے ان الزامات کو تکنیکی خرابی قرار دیا اور متنازع فیچرز کو ہٹا دیا گیا۔ ان فیچرز کی بندش کے بعد ‘فیا’ کی یومیہ آمدنی 80 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 10 ہزار سے 28 ہزار ڈالر کے درمیان رہ گئی۔
فیبی گیٹس کی ٹیکنالوجی کی مہارت پر بھی سوالات اٹھے ہیں، ان کے سابق ساتھیوں نے کہا ہے کہ وہ اچھی کوڈر نہیں تھیں۔ فیبی نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے ہیومن بائیولوجی میں تعلیم حاصل کی تھی اور کوڈنگ کے کورسز نہیں کیے تھے۔ بعد میں انہوں نے اپلائیڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انٹرپرینیورشپ کی کلاسز لی تھیں، جو ‘فیا’ کے قیام میں مددگار ثابت ہوئیں۔


