قلعہ عبداللہ (لارڈ میڈیا) کراچی سے بلوچستان جانے والے ایک خاندان کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق اور باپ بیٹی زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ قلعہ عبداللہ کے علاقے سیگی میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی سیگی کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ فائرنگ کے باعث گاڑی میں موجود دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ باپ اور بیٹی زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق خواتین کی میتیں ضروری کارروائی کے لیے عبدالرحمان زئی اسپتال منتقل کی گئیں۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا، تاہم نہ رکنے پر مبینہ طور پر قبائلی گروہ کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیگی کا علاقہ قبائلی تنازعات اور دشمنیوں کے باعث حساس تصور کیا جاتا ہے، جہاں عام شہریوں کی نقل و حرکت بھی محدود رہتی ہے۔
واقعے کے محرکات جاننے اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


