سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان آئینی ریاست ،خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی کوئی سوچ نہیں ،وفاق پر پی ٹی آئی کا تیسرا حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، عمران احتجاج کی جگہ تبدیل کرنے پر راضی تھے، بشری بی بی نہیں مانی،یہ جیسے میدان چھوڑ کر بھاگے مثال کسی تحریک میں نہیں ملتی، پی آئی اے کی یورپ پروازوں کی بحالی خوش آئند ہے ،نجکاری عمل کو فائدہ پہنچے گا،مارکیٹ بڑھے گی۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 24نومبر کو پی ٹی آئی دھرنے کی کال پر مظاہرین رکاوٹیں عبور کر کے اسلام آباد پہنچے، مظاہرین کے تشدد سے رینجرز و پولیس جوان شہید وزخمی ہوئے مگر وفاق پر تیسرا حملہ ناکام بنا دیا جس پر انہیں خرج تحسین پیش کرتاہوں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی حقیقی مزاحمت کا سامنا کرنے پر پی ٹی آئی جس طرح میدان چھوڑ کر بھاگی کسی بھی جنگ یا تحریک میں اس طرح بھاگنے کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پورے سازوسامان کیساتھ وفاق پر حملہ کیا ،2014ء میں ان کے دھرنے سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا، دوسری بار شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر انہوں نے جلسہ رچانے کی کوشش کی ، اب تیسری بار بیلاروسی صدر و وفد کے دورے کو منسوخ کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوںنے کہا کہ ہم نے انہیں احتجاج کیلئے بار بار کئی جگہوںکی پیشکش کی ، عمران خان راضی بھی ہوگئے تھے مگر بشری بی بی نہیں مانی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہجوم اچھا تھا، سیاست میں زندگی گزارنے والے ایسا ہجوم دیکھتے رہتے ہیں مگر بشری بی بی نے پہلی بار اتنا ہجوم دیکھ کر کہا میں تو ڈی چوک ہی جاؤںگی، اس کے بعد وہ علی امین کیساتھ فرار ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ کارکنان علی امین کی گاڑی کو اینٹیں مارتے رہے وہ بڑی مشکل سے وہاں سے بھاگے اور مانسہرہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہر لیڈر اپنی اپنی ہلاکتیں بتا رہاہے، لطیف کھوسہ نے کہا ہمارا 278 بندہ مارا گیا، کسی نے ہزار کہا، کسی نے کچھ، مگر اب نمبر سنگل ڈیجٹ پر آگیا ہے مگر ابھی تک کسی جنازے کی ویڈیو سامنے نہیں آئی یا کسی مرنے والے کے وارثوں کی ویڈیو سامنے نہیں آئی ،نہ ہی کوئی ثبوت سامنے آیا کہ وہاں خون ریزی ہوئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہاں لوگ زخمی ضرور ہوئے مگر ہلاکت کی شہادت نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ اب خیبرپختونخوا سے کسی کو حملہ کرنے کیلئے اسلام آباد نہیں آنے دیں گے۔ایک سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک آئینی ریاست ہے خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کی کوئی سوچ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہری شہریت کو ختم ہونا چاہئے، پاکستان کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپی ممالک میں رسائی پر پوری قوم کو مبارک باد دیتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں، پی آئی اے کو اجازت ملنا بڑا بریک تھرو ہے،ہم اب دوبارہ یورپ کی ٹریفک کا حصہ بن رہے ہیں، یورپ پروازوں کی بحالی کے فیصلے سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو بھی فائدہ پہنچے گا اور اس کی مارکیٹ بڑھ جائے گی۔