چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سے آئی سی سی ایسوسی ایٹس ممبر کمیٹی کے چیئرمین اور سابق سیکریٹری ای سی بی مبشر عثمانی نے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم نے کرکٹ اور سیاست کو الگ الگ رکھنا ہے، پاکستان چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے تیار ہے، پاکستان پُرامن ملک ہے اور پاکستانی قوم کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سمیت تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، کرکٹ شائقین چیمپئنز ٹرافی کے بڑے مقابلے کے لیے بے تاب ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تمام ممالک کو اسٹیٹ گیسٹ کا پروٹوکول اور سیکیورٹی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز ہے اور ہم ہر ٹیم کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
چیف آپریٹنگ افسر پی سی بی سمیر احمد اور ایڈوائزر سلمان نصیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔