اسلام آباد : پاکستان اور آذر بائیجان نے تجارتی تعلقات کو فروغ ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے دوطرفہ تعلقات کو کاروبار وتجارت میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آذر بائیجان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی ہے۔
ہفتے کو وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈو نجکاری عبدالعلیم خان سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضرفرادوف نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں کراچی سے سکھر اور سکھر سے حیدرآباد موٹرویز کے منصوبوں میں سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے حالیہ دورہ آذربائیجان کو مثبت اور یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں آذربائیجان کیساتھ دوطرفہ تعاون کو فروغ دے سکتا ہے، ہمیں اپنے تعلقات کو بزنس اور دوطرفہ تجارت میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے آذربائیجان کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری و کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی۔ آذربائیجان کے سفیر خضر فرادوف نے تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں پاکستان، آذربائیجان، اور ترکیہ کی مشترکہ کاوشوں کی تجویز پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں قریبی روابط برقرار رکھنے کیلئے آذربائیجان کیلئے بورڈ آف انویسٹمنٹ سے فوکل پرسن کی نامزدگی پر بھی اتفاق کیا گیا ۔