بیجنگ (شِنہوا) چین نے پاور بینک کی حفاظت کے لئے ایک لازمی قومی معیار متعارف کرایا ہے جس کا مقصد توانائی ذخیرہ کرنے والے پورٹیبل آلات کی مجموعی حفاظتی سطح کو بہتر بنانا ہے۔
نیا معیار یکم اپریل 2027 سے نافذ العمل ہوگا اور اس میں متعدد سخت تقاضے شامل کئے گئے ہیں۔ اس کے تحت زیادہ درجہ حرارت، اوور چارجنگ اور دباؤ جیسے نامناسب حالات میں پاور بینکس کے لئے بہتر حفاظتی اقدامات لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔
طویل مدتی استعمال کے بعد اندرونی شارٹ سرکٹ کے خطرے کو کم کرنے کے لئے سائیکل ایجنگ کے بعد لیتھیئم کے جمع ہونے کا ایک نیا ٹیسٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مصنوعات میں غیر معمولی آپریشن کی معلومات کو محفوظ کرنے اور حاصل کرنے کی صلاحیت لازمی قرار دی گئی ہے۔ ہر پروڈکٹ پر ایک منفرد شناختی کوڈ بھی ہونا لازمی ہوگا جس کے ذریعے صارفین بیٹری کے برانڈ سمیت بنیادی معلومات حاصل کر سکیں گے۔
اس معیار کے نفاذ کے بعد صارفین پہلے سے خریدے گئے اور چین کی لازمی سرٹیفیکیشن رکھنے والے پاور بینکس استعمال میں لا سکتے ہیں۔
یہ معیار وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ یہ مارکیٹ کو مزید منظم کرے گا، صنعت میں تکنیکی ترقی کو فروغ دے گا اور صارفین کی حفاظت اور حقوق کو بہتر طور پر یقینی بنائے گا۔


