شین زین (شِنہوا) شین زین باؤ آن بین الاقوامی ہوائی اڈے نے پیر کے روز ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند کے لئے براہ راست مسافر پرواز کا آغاز کردیا جو چین کے جنوبی شہر سے وسطی ایشیا کے لئے پہلی براہ راست مسافر پرواز ہے۔
ایئر پورٹ کے حکام کے مطابق یہ روٹ ازبکستان ایئر ویز کے ذریعے چلایا جائے گا اور یہ رواں سال ہوائی اڈے کے پہلے نئے بین الاقوامی روٹ کا حصہ ہے۔
یہ پرواز ہفتے میں ایک بار پیر کے روز چلائی جائے گی۔ تاشقند سے پرواز مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر20 منٹ پر روانہ ہو گی اور بیجنگ کے وقت کے مطابق 7 بج کر 40 منٹ پر شین زین پہنچے گی جبکہ شین زین سے جانے والی پرواز بیجنگ کے وقت کے مطابق 9 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہو گی اور مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 20منٹ پر تاشقند پہنچے گی۔
نئی براہ راست پرواز کا آغاز اس وقت ہوا ہے جب چین اور ازبکستان بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت تعاون کو مضبوط بنا رہے ہیں جس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی شہری سہولتیں اور عوامی تعلقات کے شعبوں میں قریبی روابط شامل ہیں۔
ہوائی اڈے کے حکام نے کہا کہ یہ روٹ سرحد پار سفر اور کاروباری روابط کو آسان بنائے گا اور شین زین کی کمپنیوں کے لئے وسطی ایشیائی منڈی تک براہ راست رسائی فراہم کرے گا۔
ہوائی اڈے کے حکام کے مطابق تاشقند سروس کے آغاز کے ساتھ شین زین ایئر پورٹ اب بیلٹ اینڈ روڈ کے 23 شراکت دار ممالک کے 42 شہروں سے منسلک ہے۔


