بلوچستان حکومت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 خضدار میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کردی ہے۔
میڈیا کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے جس میں این اے-256 خضدار میں 5 اپریل کو ہونیوالے ضمنی انتخاب کو موجودہ سکیورٹی صورتحال کے باعث موخر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق خضدار اور گرد و نواح میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہے، مختلف علاقوں زہری، مولہ، وڈھ، نال اور خضدار میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور عسکریت پسندوں کی بڑھتی سرگرمیوں نے حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے، قبائلی کشیدگی اور سیاسی تناؤ میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے باعث ووٹرز، پولنگ عملے، امیدواروں اور انتخابی سامان کی حفاظت یقینی بنانا انتہائی مشکل ہے، قلات رینج کے ڈی آئی جی پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے بھی اس موقف کی توثیق کرتے ہوئے سکیورٹی وسائل کی کمی اور حساس پولنگ سٹیشنز کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 10مارچ کو ڈپٹی کمشنر خضدار کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں ضمنی انتخاب موخر کرنے کی سفارش کی گئی، بارودی مواد کے استعمال اور اہم شاہراہوں پر حملوں کا بھی خطرہ ہے جس سے علاقے میں عدم تحفظ کی فضا مزید بڑھ سکتی ہے، موجودہ حالات میں انتخابات کا انعقاد نہ صرف عوام کی جان و مال کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے بلکہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل بھی متاثر ہو سکتا ہے۔


