ہومتازہ ترینچینی سائنسدانوں نے ٹائپ ون ذیابیطس کے علاج میں اہم پیش رفت...

چینی سائنسدانوں نے ٹائپ ون ذیابیطس کے علاج میں اہم پیش رفت حاصل کر لی، تین مریضوں پر کامیاب تجربہ

چینی محققین نے اینڈوڈرم اسٹیم سیلز سے تیار کردہ آئی لیٹ نما ٹشوز (ای آئی لیٹ) کے ذریعے ذیابیطس کے مریضوں میں لبلبے کے آئی لیٹس کے افعال کو بحال کرنے کے حوالے سے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ طبی پیشرفت دنیا بھر میں لاکھوں مریضوں کو علاج کے لئے ممکنہ طور پر ایک نیا متبادل فراہم کر سکتی ہے۔

دی لانسیٹ ڈایابیٹس اینڈ اینڈوکرائنولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق شنگھائی کی ایک طبی ٹیم نے ای آئی لیٹ استعمال کرتے ہوئے ٹائپ ون ذیابیطس کے تین مریضوں کا کامیاب علاج کیا ہے۔ یہ جدید طریقہ علاج اس شدید دائمی مرض کا شکار اُن مریضوں کے لئے امید کی نئی کرن ہے جنہیں ساری زندگی انسولین کے انجیکشن لگوانے پڑتے ہیں۔

مالیکیولر سیل سائنس کے حوالے سےچینی اکیڈمی آف سائنسز کے سینٹر فار ایکسیلینس سے وابستہ اور اس تحقیق میں شریک مصنف چینگ شِن کا کہنا ہے کہ ہمارا طریقہ کار مریض کے لئے کسی خراب حصے کو بدلنے جیسا ہے۔

روایتی طریقوں میں استعمال ہونے والے پلوری پوٹنٹ اسٹیم سیلز بنیادی طور پر ایسے خلیات ہوتے ہیں جو کسی بھی قسم کے خلیے میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ تاہم لبلبے کے آئی لیٹس تیار کرنے کا عمل لیبارٹری میں ایک طویل اور عموماً پیچیدہ مرحلہ ہوتا ہے جو اکثر غیر مطلوبہ خلیات کی پیداوار کا باعث بنتا ہے۔

نئے طریقہ کار میں اسٹیم سیلز کی ایک مخصوص شاخ یعنی اینڈوڈرمل سے آئی لیٹ نما ٹشوز تیار کئے گئے۔ اس طریقے نے روایتی پلوری پوٹنٹ اسٹیم سیلز کے لئے درکار طویل تبدیلی کے عمل کو کم کر دیا۔ اس سے نہ صرف افزائش کا وقت 40 دن سے کم ہو کر صرف 14 دن رہ گیا بلکہ جسم میں ٹیومر بننے کے خطرات بھی کم ہو گئے کیونکہ اینڈوڈرم اسٹیم سیلز جسم کے اندر بڑھوتری نہیں کرتے۔

اس تحقیقی مطالعے میں تین مریضوں کا تفصیل سے علاج کیا گیا۔ ایک 30 سالہ خاتون ہے جو گزشتہ 18 برس سے ذیابیطس کا شکار تھی۔ دوسرا 45 سالہ مرد ہےجسے اچانک شدید ٹائپ ون ذیابیطس لاحق ہو گیا تھا۔تیسری ایک 15 سالہ لڑکی ہے جو اس جدید علاج سے مستفید ہونے والی پہلی کم عمر مریضہ ہے۔

شنگھائی، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ٹیکسٹ آن سکرین:

چینی سائنسدانوں کی ٹائپ ون ذیابیطس کے علاج میں اہم پیشرفت

اسٹیم سیلز سے تیار کردہ آئی لیٹس سے مریضوں کا کامیاب علاج کیا

شنگھائی کی ٹیم نے تین مریضوں پر جدید طریقہ علاج آزمایا

ای آئی لیٹ کے ذریعے لبلبے کے آئی لیٹس کے افعال بحال کئے گئے

یہ طریقہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے لئے امید کی ایک نئی کرن ہے

روایتی علاج میں مریض کو زندگی بھر انسولین کے انجیکشن لگوانا پڑتے ہیں

اینڈوڈرم اسٹیم سیلز نے طویل تبدیلی کے عمل کو کم کیا

نئے طریقہ علاج میں جسم میں ٹیومر بننے کا خطرہ بھی نہیں رہتا

پہلی بار ایک نوجوان مریضہ بھی اس جدید علاج سے مستفید ہو رہی ہے

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں