ہومانٹرنیشنلپاکستان کیساتھ دیرینہ تعلقات، انکی نیت کو مثبت و خیر خواہ سمجھتے...

پاکستان کیساتھ دیرینہ تعلقات، انکی نیت کو مثبت و خیر خواہ سمجھتے ہیں، ایران

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ ایران کے تعلقات دوستانہ ہیں اور تہران اسلام آباد کی نیت کو مثبت اور خیرخواہ سمجھتا ہے تاہم امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مذاکرات سے متعلق بیانات قابلِ اعتبار نہیں۔

ایک انٹرویو میں انکا کہنا تھا کہ ایران کے وزیر خارجہ خطے کے مختلف ممالک بالخصوص پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ سے مسلسل رابطے میں ہیں، پاکستان سمیت دیگر علاقائی ممالک کشیدگی کم کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں اور موجودہ صورتحال پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مختلف ممالک نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے اور اس حوالے سے تہران کو کئی پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں تاہم ایران کا موقف واضح ہے کہ وہ اپنے دفاع کا حق برقرار رکھے گا اور امریکی و اسرائیلی دعوئوں پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، ایران کو امریکی سفارتکاری کا انتہائی منفی تجربہ رہا ہے اور ماضی میں مذاکرات کے دوران بھی ایران پر حملے کئے گئے جسے تہران سفارتکاری سے غداری قرار دیتا ہے، گزشتہ 24 دنوں کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان کسی قسم کا براہ راست رابطہ نہیں ہوا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز میں اپنی پالیسی پر قائم ہے اور موجودہ جنگی صورتحال کے باعث اس راستے سے گزرنے کے لیے مخصوص ضوابط نافذ کیے گئے ہیں، جو ممالک ایران کیخلاف کارروائیوں میں شامل نہیں، وہ ایرانی حکام سے رابطے اور ہم آہنگی کے بعد محفوظ طریقے سے جہاز رانی جاری رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے اہم بنیادی ڈھانچے پر کسی بھی حملے کے سنگین نتائج ہونگے، ایسی صورت میں ایرانی مسلح افواج فوری اور موثر جواب دیگی، ایران پہلے ہی خطے میں امریکی مفادات اور اسرائیلی اہداف پر جوابی کارروائیاں کر چکا ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ایران واقعی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کر رہا ہے یا نہیں تاہم اس حوالے سے ایرانی پارلیمنٹ میں تجاویز زیر غور ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں