ٹوکیو (شِنہوا) جاپان میں چینی سفارت خانے میں گھسنے والے جاپانی درانداز کو پولیس نے اسی دن گرفتار کرلیا جبکہ اس معاملے کے متعلق مزیدمعلومات سامنے آئی ہیں۔
کیوڈو نیوز ایجنسی نے ٹوکیو میٹرو پولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ درانداز کی شناخت 23 سالہ کودائی موراتا کے نام سے ہوئی ہے جو جاپان کی گراؤنڈ سیلف-ڈیفنس فورس (جی ایس ڈی ایف) میں سیکنڈ لیفٹیننٹ ہے اور میا زاکی پریفیکچر میں کیمپ ابینو میں تعینات ہے۔سیکنڈ لیفٹیننٹ جی ایس ڈی ایف میں سب سے نچلا آفیسر رینک ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مشتبہ شخص مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب چینی سفارت خانے کے احاطے میں داخل ہوا تھا، اس نے ہاتھ میں چاقو اٹھا رکھا تھا اور دھمکی آمیز زبان استعمال کر رہا تھا۔ ابتدائی طور پر اس کو سفارت خانے کےعملے نے گرفتار کیا اور بعد ازاں پولیس نے اسے غیر قانونی داخلے کے شبے میں گرفتار کر لیا۔
جاپانی پولیس نے اس واقعے کو "انتہائی افسوسناک” قرار دیا اور کہا کہ سفارتخانے کے لئے چوبیس گھنٹے سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
جی ایس ڈی ایف نے کہا کہ وہ اس معاملے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور حقائق کی بنیاد پر کارروائی کر کے کیس کو سختی سے نمٹائے گی۔


