اسلام آباد ہائی کورٹ نے عید کا چاند دیکھنے کے بعد جلدی اعلان کا حکم دینے کیلئے دائر درخواست پر وزارتِ مذہبی امور سے رپورٹ طلب کر لی۔
بدھ کو چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری عبداللہ شفیق کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوا اور موقف اپنایا کہ رویت ہلال کمیٹی کو حکم دیا جائے کہ چاند کا اعلان جلدی کریں، چاند کے اعلان میں تاخیر سے لوگ تراویح بھی پڑھ لیتے ہیں، رات تاخیر سے چاند کا اعلان ہونے سے مارکیٹس میں اچانک رش بڑھ جاتا ہے، انتظامیہ کو لا اینڈ آرڈر کی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی جائے۔
درخواست گزار نے کہا کہ استدعا ہے کہ عید شاپنگ کی دکانوں کے علاوہ دیگر مارکیٹس بند رکھنے اور رویت ہلال کمیٹی کو چاند دیکھ کر جلد اعلان کرنے کا حکم دیا جائے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ چاند نظر آئے گا تو ہی اعلان کیا جائے گا ناں، پہلے چاند کی شہادتیں چاروں صوبوں سے اکٹھی کی جاتی ہیں، پھر میٹنگ ہوتی ہے اس کے بعد فیصلہ کیا جاتا ہے اس لئے وقت لگ جاتا ہے، چاند نظر آئے بغیر تو اعلان نہیں کیا جا سکتا، چلیں رپورٹ مانگ لیتے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے وزارتِ مذہبی امور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔


