ہومپاکستانوزیراعظم کی عام آدمی کو ہاؤس فنانس سہولت فراہمی کیلئے عملی اقدامات...

وزیراعظم کی عام آدمی کو ہاؤس فنانس سہولت فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے عام آدمی کو ہائوس فنانس کی سہولت پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کم آمدن طبقے کیلئے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی و عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

جاری بیان کے مطابق بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے امور کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض پیرزادہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثنا اللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے سٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے کے حوالے سے ٹیکس اسٹرکچر میں اصلاحات کی جارہی ہیں، تعمیری شعبے کیلئے ٹیکس اسٹینڈرڈائزیشن پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبوں کی مشاورت جاری ہے، ہاؤس مورٹگیج کے حوالے سے اصلاحات کے مسودے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدن والوں کیلئے گھروں کی تعمیر پر لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، رئیل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ شعبوں کے ضابطہ کار کے حوالے سے ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہاؤس فنانس کے حوالے سے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ پر وزارت خزانہ، ایف بی آر، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور صوبے وزارت ہاؤسنگ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے عام آدمی کو ہاؤس فنانس کی سہولت موثر انداز میں پہنچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کیلئے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں