پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
اس موقع پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلخانہ اور مداحوں کی حمایت پر دل سے شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا میرے لئے خواب کی تعبیر تھا، میں نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔
انکا کہنا تھا کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے ہوئے دیکھنا میرے لئے باعث فخر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور حمایت ہمیشہ یاد رہے گی، پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت کرتا رہونگا۔
سرفراز احمد نے پاکستان کیلئے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز اور 56 سٹمپنگز کیں۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی، انہی کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی تھی۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچی، وہ پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے۔
حکومت پاکستان نے انہیں 2018میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا تھا۔


