صدر مملکت آصف زرداری نے افغان ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی و دہشت گرد طالبان حکومت نے سرخ لکیر عبور کر کے اپنے اوپر سنگین نتائج مسلط کر لئے ہیں۔
جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان کا پاکستانی شہری علاقوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، افغان حکومت نے دہشت گرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اب وہ اسلامی دنیا کی بڑی عسکری طاقت کو اشتعال دلانے کی جسارت بھی کر رہا ہے اور پاکستان کے دوست ممالک کیساتھ مذاکرات کا بھی خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خلیج کے خطے اور مغربی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں میں مصروف ہے مگر افغانستان نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر کے سرخ لکیر عبور کر کے اپنے اوپر سنگین نتائج مسلط کرلئے ہیں۔
صدر مملکت نے ڈرون ملبے سے زخمی بچوں و دیگر شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ملکی دفاع اور عوام کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔


