نادرا نے بعض سرکاری دفاتر و اداروں میں ڈیجیٹل کی بجائے فزیکل کارڈ یا فوٹو کاپی کی طلبی کو خلاف قانون قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ کی قانونی حیثیت فزیکل کارڈ کے برابر ہے۔
ترجمان نادرا نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بعض سرکاری دفاتر، ادارے ڈیجیٹل کے بجائے فزیکل کارڈ یا فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں، یہ طرز عمل مروجہ قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نادرا آرڈیننس کے تحت ڈیجیٹل شناختی ضوابط تشکیل دیئے گئے، ریگولیشن 9 اور 10 ڈیجیٹل شناختی اسناد کو قانونی حیثیت دیتے ہیں، یہ ضوابط ڈیجیٹل شناختی اسناد کو شناخت کا درست ثبوت قرار دیتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ سے شناختی کارڈ کی غیر ضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت کم، شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد اور شناختی معلومات کے غلط استعمال کی روک تھام ہوتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تمام سرکاری محکمے، عوامی و مالیاتی ادارے، ٹیلی کام آپریٹرز ان احکامات کی پابندی یقینی بنائیں۔
علاوہ ازیں شہری اپنی شکایات نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔


