بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ تمام ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور شہریوں اور غیر فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے تمام اقدامات کی مذمت کی جانی چاہیے۔
وانگ یی نے بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی۔
الزیانی نے وانگ یی کو خطے کی صورتحال اور بحرین کے موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ بحرین ہمیشہ ایک امن پسند ملک رہا ہے اور اسے غیر قانونی حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
بحرینی فریق نے چین کے منصفانہ موقف کو سراہتے ہوئے اس پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خلیجی ممالک اور چین کے ساتھ اقوام متحدہ سمیت دوطرفہ اور کثیرجہتی پلیٹ فارمز پر رابطے اور تعاون کو مضبوط بنائے گا تاکہ جلد از جلد خطے میں امن اور استحکام قائم کیا جا سکے۔
الزیانی نے کہا کہ بحرین چینی شہریوں اور اداروں کی سلامتی کے تحفظ کے لئے مضبوط اقدامات جاری رکھے گا۔
دوسری جانب وانگ یی نے کہا کہ خلیجی خطے کی صورتحال تیزی سے کشیدہ ہو رہی ہے اور بحرین کی سلامتی بھی متاثر ہوئی ہے جو چین کے لئے باعث تشویش ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ سب سے پہلی ترجیح فوری طور پر فوجی کارروائیوں کو روکنا ہے تاکہ تنازعات کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
وانگ یی نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کے امور کے لئے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی اس وقت خطے کے مختلف ممالک کے دورے کر رہے ہیں اور وہ بحرین کا بھی دورہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین خلیجی خطے میں امن اور استحکام کے تحفظ کے لئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔


