بیجنگ (شِنہوا) چین کی اعلیٰ عوامی عدالت کی ایک کارکردگی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی عدالتوں نے گزشتہ 5 سالوں کے دوران سائبر سکیورٹی کو خطرات میں ڈالنے والے جرائم سے متعلقہ 9 ہزار 326 مقدمات نمٹائے، یہ شرح گزشتہ 5 سالہ مدت سے 158.5 فیصد زیادہ ہے، اس مدت کے دوران 22 ہزار افراد کو سزا سنائی گئی۔
چین کی قومی مقننہ کے سالانہ اجلاس میں غور و خوص کے لئے پیش کی جانے والی رپورٹ کے مطابق 2025 میں سائبر مجرمانہ سرگرمیوں میں معاونت کر نے کے جرائم سے متعلقہ مجموعی طور پر 25 ہزار مقدمات نمٹائے گئے، یہ شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں 62 فیصد کم ہے جبکہ 38 ہزار افراد کو سزائیں دی گئیں۔
چین کی اعلیٰ عوامی استغاثہ کی کارکردگی رپورٹ جو پیر کے روز اجلاس میں پیش کی گئی، کے مطابق چینی استغاثہ نے سائبر تشدد ،آن لائن افواہوں، آن لائن بلیک میلنگ اور انٹرنیٹ پر اشتعال انگیزی سے متعلقہ جرائم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں کیں اور انٹرنیٹ کے ذریعے ایسے جرائم کرنے والےایک لاکھ 82 ہزار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔


