ہومانٹرنیشنلنئے سپریم لیڈر کا انتخاب قومی اتحاد اور ارادے کی مضبوطی ہے،...

نئے سپریم لیڈر کا انتخاب قومی اتحاد اور ارادے کی مضبوطی ہے، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ملک کیلئے طاقت اور وقار کے ایک نئے دور کی شروعات ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی مجلس خبرگان کی جانب سے مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی جمہوریہ ایران کا تیسرا سپریم لیڈر منتخب کئے جانے کے بعد ایرانی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ فیصلہ دانشمندانہ اور بر وقت ہے، نئی قیادت کے تحت ایران میں قومی اتحاد مضبوط ہوگا اور ملک اپنے دشمنوں کی سازشوں کا موثر مقابلہ کر سکے گا۔

انکا کہنا تھا کہ نئے سپریم لیڈر کا انتخاب قومی اتحاد اور ارادے کی مضبوطی ہے، فیصلہ ملک کی یکجہتی اور قومی وحدت کے فروغ کیلئے کیا گیا ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ علی خامنہ ای کی قیادت نے ایران کے مستقبل کیلئے مضبوط بنیاد رکھی ہے جس پر اب مزید سائنسی، تکنیکی اور معاشی ترقی ممکن ہو گی۔

دوسری جانب ایران کی فوجی تنظیم پاسدارانِ انقلاب نے نئی قیادت کے اعلان کے فوراً بعد علی ولی اللہ نامی آپریشن کے تحت میزائلوں اور ڈرونز کی نئی کھیپ داغنے کا اعلان کیا ہے، ایرانی فوج کے مطابق حملوں میں خرمشہر، فتاح اور خیبر نامی بیلسٹک میزائل استعمال کئے گئے۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے ایک میزائل کی تصویر بھی جاری کی ہے جس پر فارسی میں لبیک یا سید مجتبیٰ لکھا ہوا تھا جسے نئی قیادت کیساتھ وفاداری کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں