بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ چین نے برطانیہ کی طرف سے "روس سے متعلق” بہانے کے تحت چینی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کے نئے مرحلے پر سخت عدم اعتماد اور شدید مخالفت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے زور دیا کہ برطانیہ کے اقدامات یکطرفہ ہیں جن کی بین الاقوامی قانون کے تحت کوئی بنیاد نہیں ہے اور نہ ہی انہیں اقوام متحدہ کی اجازت حاصل ہے۔
ترجمان نے یوکرین کے تنازع کے متعلق نشاندہی کی کہ چین نے قوانین اور ضوابط کے تحت دوہرے استعمال کی اشیاء کی برآمد پر مسلسل اور سخت کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ چینی اور روسی کمپنیوں کے درمیان معمول کے تبادلوں اور تعاون میں تعطل نہیں ڈالنا چاہیے اور نہ ہی اسے متاثر کرنا چاہیے۔
ترجمان نے برطانیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے غلط اقدامات کو درست کرے اور متعلقہ چینی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں ختم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنے کاروباری اداروں کے جائز اور قانونی حقوق ومفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرے گا۔


