آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں نام نہاد پاکستانی سپرسٹارز کی صلاحیتیں بے نقاب ہوگئی ہیں۔
بابراعظم، سلمان آغا، صائم ایوب سب بیٹنگ میں بری طرح ناکام رہے، شاہین آفریدی بولنگ میں توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، شاداب خان اور فہیم اشرف بطور آل راؤنڈر اپنی جگہ سے انصاف نہیں کر پائے، اوپنر صاحبزادہ فرحان اپنی ذمہ داری نبھانے میں کافی حد تک کامیاب رہے، عثمان طارق نے سب سے زیادہ 10وکٹیں لیں۔
پلیئرز کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیں تو پاکستان کے نام نہاد سپر سٹارز بری طرح ناکام ثابت ہوئے، سب سے زیادہ امیدوں کا محور بابراعظم تھے اور سب سے زیادہ مایوس بھی انہوں نے ہی کیا، بابراعظم 6 میچز کی 4 اننگز میں 22.75 کی اوسط سے 91 رنز بنا سکے، بطور کپتان ناکام رہنے والے سلمان علی آغا نے مجموعی طور پر 10 کی اوسط سے محض 60 رنز سکور کئے جس میں انکی بہترین کاوش 38رنز رہی، ایک وکٹ بھی انکے حصے میں آئی۔
صائم ایوب 6 میچز کی پانچ اننگز میں مجموعی طور پر 70رنز بنا پائے، 14کی واجبی اوسط کے سبب سری لنکا کیخلاف آخری سپر 8میچ میں ڈراپ بھی کئے گئے۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان سب سے آگے رہے، انھوں نے 7 میچز کی 6 اننگز میں ایک بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے سب سے زیادہ 383رنز بنائے، ایونٹ میں 37 چوکے اور 18 چھکے بھی جڑے، فخر زمان نے 3 میچز میں 2 بار بیٹنگ کا موقع ملنے پر 109رنز جوڑے، اس میں سری لنکا کیخلاف 84 بہترین انفرادی کاوش رہی۔
شاداب خان نے 7میچز کی 6اننگز میں 118 رنز بنائے، انکی اوسط 23.60رہی، فہیم اشرف 3اننگز میں 40رنز بنا سکے، عثمان خان نے 7میچز کی 5اننگز میں 60رنز بنائے، انکی اوسط 15رہی۔
خواجہ نافع 2 مواقع ملنے پر 7رنز بنا سکے، نسیم شاہ کو سری لنکا کیخلاف آخری میچ میں اولین موقع دیا گیا، انھوں نے ایک وکٹ اڑائی، بولنگ میں سپنر عثمان طارق 10وکٹیں لیکر کامیاب ترین پاکستانی بولر بنے، انھوں نے فی وکٹ 14.10کی اوسط پائی، اس میں انکی بہترین کاوش 16رنز کے عوض 4شکار رہے۔
شاہین آفریدی نے 22.37کی بھاری اوسط سے 5میچز کھیل کر 8وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز نے 7پلیئرز کو میدان بدر کیا تاہم فی وکٹ اوسط 22.28رہی۔
ابرار احمد نے 19کی اوسط سے 6وکٹیں حاصل کیں اس میں انکی بہترین پرفارمنس 23رنز کے عوض 3وکٹیں رہیں، شاداب نے بولنگ میں 18اوورز میں 8.44 کے اکانومی ریٹ سے 5وکٹیں لیں، صائم ایوب نے بھی 5وکٹیں اپنے نام کیں اس میں بہترین پرفارمنس 25رنز پر 3شکار رہے۔
سلمان مرزا نے 4میچز میں 4وکٹیں لیں، فی وکٹ اوسط 15.25رہی۔


