ملک بھر کے عوام افغانستان میں طالبان رجیم کی شرانگیزی کی کھل کر مذمت کرتے ہوئے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر آگئے ہیں اور ریلیاں نکال رہے ہیں۔
اس سلسلے میں افغان طالبان رجیم کیخلاف پاک فوج کی جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے خیبر پختونخوا کے عوام نے کہا ہے کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بنا ہے، اسے کوئی ملک شکست نہیں دے سکتا، افغان قوم نے پاکستان میں پچاس سال گزارے لیکن انہوں نے وفا نہیں کی، افغان طالبان نے دوسرے ملکوں کی ایماء پر پاکستان پر حملہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ افغان طالبان کو اپنی شرانگیزی کا بھرپور جواب مل گیا ہے، پاکستان کے ایک انچ پر بھی کوئی قبضہ نہیں کرسکتا ہم اپنی بہادر فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک کا ہر نوجوان پاک فوج کیساتھ کھڑا ہے۔
شہریوں نے کہا کہ پاکستانی قوم متحد اور یکجا ہے، قوم ملک کیلئے ہر قربانی کو تیار ہے، دہشتگردی کا جواب دینے کیلئے ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں، پاکستانی قوم کا اپنی مسلح افواج کیساتھ اظہار یکجہتی ملک سے لازوال محبت کی عکاسی کرتا ہے۔


