وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا ہے کہ آپریشن غضب للحق میں اب تک 331 افغان طالبان اہلکار ہلاک جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
ہفتے کی صبح سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں عطاء تارڑ نے بتایا کہ آپریشن کے دوران افغان طالبان کی 104چیک پوسٹیں تباہ جبکہ 22قبضے میں لی گئیں۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے افغان طالبان کے 163ٹینک اور فوجی گاڑیاں تباہ کیں اور افغانستان میں 37مقامات کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردوں اور افغان طالبان حکومت کے درمیان گٹھ جوڑ اب روزِ روشن کی طرح واضح ہو چکا ہے، پاکستان اس معاملے پر بارہا عالمی برادری کو آگاہ کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونیوالے خودکش اور دیگر دہشت گرد حملوں میں افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے، افغانستان ان عناصر کو ہر قسم کی پناہ اور سہولت کاری فراہم کر رہا ہے جو پاکستان میں داخل ہو کر معصوم شہریوں، سکیورٹی اہلکاروں اور مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔


