چینی فلم ایڈمنسٹریشن کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز ختم ہونے والی بہار تہوار کی نو روزہ تعطیلات کے دوران چین کی فلمی منڈی نے ٹکٹوں کی فروخت سے 5.75 ارب یوآن (تقریباً 82 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر) کی آمدن حاصل کی۔
اگرچہ گزشتہ برس کی فلم ’’نی جا 2‘‘ جیسی کوئی بڑی ریکارڈ توڑ فلم موجود نہیں تھی تاہم اس کے باوجود اس منافع بخش فلمی سیزن نے اپنی دیرپا اور مضبوط کشش کا مظاہرہ کیا۔
ٹکٹنگ پلیٹ فارمز ماؤیان اور بیکن کے اعداد و شمار کے مطابق 43 لاکھ 50 ہزار سے زائد شوز میں مجموعی طور پر 12 کروڑ افراد نے سینما گھروں میں فلمیں دیکھیں جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
تعطیلات کے دوران لاکھوں افراد اپنے آبائی شہروں کو لوٹے، جس کے نتیجے میں تیسرے اور چوتھے درجے کے شہروں کا ملکی سطح کے باکس آفس آمدن میں حصہ تقریباً 60 فیصد رہا جو گزشتہ چھ برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔
ساؤنڈ بائٹ 1 (چینی): وو ٹونگ، فلم بین
"میں ’اسکیئر آؤٹ‘ دیکھنے آیاہوں۔ یہ فلم ایک نایاب اور منفرد موضوع پر بنی ہے اور اسے مؤثر انداز میں پیش کرنا واقعی کافی مشکل ہوتا ہے۔ میرے خیال میں یہی وجہ ہے کہ اس نے نوجوان ناظرین کی خاصی توجہ حاصل کی۔ میرا ماننا ہے کہ معیاری فلمیں ہی تعطیلات میں باکس آفس کو کامیابی دلاتی ہیں۔”
ساؤنڈ بائٹ 2 (چینی): یانگ وی ہونگ، فلم بین
"میں نے ابھی ’پیگاسس 3‘ دیکھی ہے۔ یہ بنیادی طور پر کار ریسنگ پر مبنی فلم ہے۔ میں اپنے خاندان کے ساتھ آیاہوں۔ میں اکثر کار ریسنگ دیکھتا ہوں، اس لئے مجھے یہ فلم بہت پسند آئی۔”
بہار تہوار کی تعطیلات دنیا کی اس دوسری بڑی فلمی منڈی کے لئے سال کے اہم ترین اوقات میں شمار ہوتی ہیں، اور 2024 اور 2025 کے دونوں برس اس عرصے کا حصہ چین کی سالانہ باکس آفس آمدن کا تقریباً پانچواں حصہ رہا۔ گزشتہ تین برسوں میں ہر سال بہار تہوار کے دوران سب سے زیادہ کامیاب فلم سال کی مجموعی باکس آفس چیمپیئن بھی بنی۔
ساؤنڈ بائٹ 3 (چینی): چی ژینگ، تھیٹر منیجر، وانڈا سنیما بیجنگ سی بی ڈی برانچ
"ناظرین کا جوش و خروش بڑھ رہا ہے۔ رش کے اوقات میں متعدد شوز ہاؤس فل ہو گئے۔ اس وجہ سے ہمارے سینما میں آنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے کھانے پینے کی اشیاء اور جدید مرچنڈائز کی وسیع اقسام بھی پیش کی ہیں جس سے ایک پرجوش اور مصروف خریداری کا ماحول پیدا ہوا ہے۔”
ماویان کے اعداد و شمار کے مطابق منگل تک چین کا رواں برس کا باکس آفس عالمی مجموعے کے 26 فیصد سے زائد تک پہنچ چکا ہے جو شمالی امریکہ کے 22 فیصد حصے سے زیادہ ہے۔
بیجنگ/ گوانگ ژو ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین جملے:
چین میں بہار کے تہوار پر باکس آفس نے نیا ریکارڈ قائم کیا
نو روزہ تعطیلات کے دوران ٹکٹوں کی فروخت سے 5.75 ارب یوآن کی آمدن ہوئی
سینما گھروں میں مجموعی طور پر 12 کروڑ افراد نے فلمیں دیکھیں
تیسرے اور چوتھے درجے کے شہروں کا باکس آفس میں حصہ 60 فیصد رہا
رواں برس ’’نی جا 2‘‘ جیسی بڑی بلاک بسٹر فلم موجود نہیں تھی
نوجوان ناظرین نے منفرد فلم ’اسکیئر آؤٹ‘ کو خاص طور پر پسند کیا
’پیگاسس 3‘ کی کار ریسنگ فلم نے خاندانوں میں مقبولیت حاصل کی
سینما گھروں میں ناظرین کے رش کے اوقات ہاؤس فل رہے
سینما گھروں میں کھانے، مشروبات اور مختلف قسم کی جدید مصنوعات پیش کی گئیں
عالمی باکس آفس میں چین کے باکس آفس کا 26 فیصد سے زائد حصہ ہے


