اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے بتایا کہ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ سیکرٹری جنرل افغانستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کی شہری آبادی پر پڑنے والے اثرات پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے تمام اختلافات سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔
افغانستان میں انسانی صورتحال کے حوالے سے دوجارک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امدادی اداروں کے مطابق برسوں کے تنازع، غربت، خشک سالی اور زلزلوں جیسی قدرتی آفات کے باعث ملک کی تقریباً نصف آبادی انسانی امداد کی محتاج ہو چکی ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر لڑائی جاری رہی یا مزید شدت اختیار کر گئی تو یہ تعداد مزید بڑھ جائے گی۔
دوجارک نے کہا کہ ہم تنازع میں شامل تمام فریقین سے مسلسل مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کریں، خصوصاً اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کا تحفظ کیا جائے۔


