نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی نیویارک میں برطانوی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر سے ملاقات ہوئی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہونیوالی ملاقات میں اسحاق ڈار نے فلسطین کے حوالے سے اہم اجلاس بلانے پر برطانوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، ملاقات میں عوامی روابط کے فروغ اور اعلیٰ سطح رابطے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر موثر تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور واشنگٹن میں غزہ بورڈ آف پیس اجلاس کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔


