سینئر صحافی و تجزیہ کار مختار احمد بھٹی اور صدر الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن انوار آفتاب نے چینی قیادت اور عوام کو نئے چینی سال پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی اعتماد و خلوص پر مبنی پاک چین لازوال رشتہ ہر گزرتے دن کیساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے ، امید ہے تعاون، معاشی شراکت داری و عوامی روابط مزید فروغ پائیں گے۔
جاری مشترکہ بیان میں مختار احمد بھٹی اور انوار آفتاب نے کہا کہ نیا چینی سال امید، خوشحالی اور ترقی کی نئی نوید لے کر آتا ہے، یہ موقع نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کیلئے مثبت پیغام کا حامل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے گزشتہ برسوں میں معاشی ترقی، ٹیکنالوجی اور عالمی تعاون کے میدان میں جو نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی باہمی اعتماد اور اخلاص پر مبنی لازوال رشتہ وقت کیساتھ مزید مستحکم ہو رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری، معاشی تعاون اور عوامی روابط خطے میں امن و استحکام کیلئے نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
مختار احمد بھٹی اور انوار آفتاب نے پاکستان اور چین کے مابین تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور میڈیا کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے کی کوششیں جاری رکھے کا عزم کیا۔
انہوں نے دعاء کی کہ نیا چینی سال چین، پاکستان اور پوری دنیا کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو۔


