باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا کر 12 خوارج کو جہنم واصل کردیا جبکہ دہشت گردوں کے دھماکے سے 11 اہلکاروں سمیت ایک بچی شہید جبکہ خواتین و بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے چیک پوسٹ پر دہشت گردانہ حملہ کیا جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپ میں 12 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آور چیک پوسٹ کی سیکیورٹی توڑنا چاہتے تھے مگر منصوبہ ناکام بنا دیا گیا جس پر حملہ آوروں نے دھماکہ خیز گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 11سیکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دھماکے کے باعث قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنیوالے مزید خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


