جمعہ, فروری 13, 2026
ہومپاکستانریڈیو سماجی زندگی و معلومات فراہمی کا لازوال ذریعہ، نوجوانوں میں مقبولیت...

ریڈیو سماجی زندگی و معلومات فراہمی کا لازوال ذریعہ، نوجوانوں میں مقبولیت تبدیلی کیساتھ ہم آہنگی کا ثبوت ہے، آصف زرداری

صدر مملکت آصف زرداری نے ریڈیو کو سماجی زندگی و معلومات کی فراہمی کا لازوال ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں میں دوبارہ مقبولیت ریڈیو کی تبدیلی کیساتھ ہم آہنگی کی صلاحیت کا ثبوت ہے، ڈیجیٹل دور میں مصنوعی ذہانت کے محتاط استعمال سے ریڈیو کی رسائی اور موثریت میں اضافہ ممکن ہے۔

عالمی یوم ریڈیو پر جاری بیان میں صدر مملکت نے پاکستان اور دنیا بھر میں ریڈیو سے وابستہ پیشہ ور افراد، براڈکاسٹرز، سامعین اور آڈیو کمیونیکیشن میں کردار ادا کرنیوالے افراد کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن لوگوں کو معلومات فراہمی، تعلیم دینے اور مختلف ثقافتوں و علاقوں کے درمیان روابط قائم کرنے میں ریڈیو کے منفرد کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو ایک صدی سے زائد عرصے سے عوامی مکالمے اور سماجی زندگی کو شکل دیتا آ رہا ہے، یہ آج بھی ایک ایسا اہم ذریعہ ہے جو مکمل توجہ مانگے بغیر تعلیم اور تفریح فراہم اور لوگوں کو روزمرہ کے کاموں کے دوران باخبر رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال عالمی یوم ریڈیو کا موضوع ریڈیو اور مصنوعی ذہانت کے باہمی تعلق پر مرکوز ہے، جس میں اس بات کو تسلیم کیا گیا ہے کہ نئی ٹیکنالوجیز اگر اخلاقی اور ذمہ دارانہ انداز میں استعمال ہوں تو براڈکاسٹرز کی معاونت کر سکتی ہیں جبکہ پیشہ ورانہ رائے اور تخلیقی صلاحیت کا احترام بھی برقرار رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں مصنوعی ذہانت رسائی بہتر بنانے، سامعین سے رابطہ مضبوط کرنے اور عوامی خدمت کی معلومات موثر انداز میں پہنچانے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

تیاری، نشریات، سامعین کے جائزے، فیڈ بیک اور تحقیق میں اس کے محتاط استعمال سے ریڈیو کو مزید تقویت مل سکتی ہے تاہم انسانی آواز اور ادارتی دیانت داری ریڈیو کی بنیادی طاقت ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں قیام پاکستان سے ہی ریڈیو ہمارے قومی سفر کا لازمی حصہ رہا ہے، ریڈیو پاکستان نے مستند معلومات کی فراہمی، ثقافتی ورثے کے فروغ اور ہماری مختلف زبانوں اور نقطہ نظر کو آواز دینے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قدرتی آفات سے لے کر تیز رفتار تبدیلیوں کے ادوار تک، ریڈیو نے مشکل وقت میں وضاحت اور اطمینان فراہم کیا اور معاشرے میں مکالمے کو قائم رکھا، آج ریڈیو پاکستان 26زبانوں میں نشریات پیش کر رہا ہے جو کسی بھی دوسرے ذریعے کے مقابلے میں منفرد رسائی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ لاکھوں پاکستانیوں کیلئے ریڈیو آج بھی روزمرہ زندگی کا حصہ ہے، یہ کھیتوں میں کسانوں کیساتھ، طویل سڑکوں پر ڈرائیوروں کے ہمراہ اور ان گھروں میں خاندانوں کیساتھ رہتا ہے جہاں بجلی یا انٹرنیٹ کی سہولت غیر یقینی ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں ریڈیو بروقت رہنمائی فراہم کرتا جبکہ پرسکون اوقات میں تعلیم، ثقافت اور باہمی ربط کا احساس دیتا ہے۔

روزمرہ معمولات میں اس عملی موجودگی کی وجہ سے ریڈیو مختلف علاقوں، نسلوں اور آمدنی کے طبقات میں اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی حصوں میں ٹیلی ویژن دیکھنے والوں کی تعداد میں کمی کے باوجود ریڈیو سننے والوں میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر نوجوانوں بشمول جنریشن زی میں، یہ رجحان یہ ریڈیو کی تبدیلی کیساتھ ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے اور اس کے روشن مستقبل کی نشاندہی کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئیے ریڈیو سے وابستہ پیشہ ور افراد کی محنت کو سراہیں اور ذرائع ابلاغ کے اس لازوال ذریعے کی حمایت کے عزم کی تجدید کریں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!