بیجنگ (شِنہوا) چین ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کو بہتر بنائے گا اور بجلی کی بین العلاقائی تجارت کو مزید موثر بنانے کے اقدامات کرے گا۔
چین کی ریاستی کونسل کے جنرل آفس کی طرف سے جاری کردہ رہنما اصولوں کے مطابق ان اقدامات کا مقصد 2030 تک بنیادی طور پر ایک "یکساں قومی بجلی مارکیٹ” قائم کرنا ہے۔ رہنما اصولوں میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ یہ مارکیٹ 2035 تک مکمل طور پر قائم ہو جائے گی۔
رہنما اصولوں کے مطابق یہ بجلی مارکیٹ ہموار اور منظم انداز میں کام کرے گی، اس میں یکساں اور موثر تجارتی قواعد و ضوابط نافذ کئے جائیں گے اور فوائد کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔
مارکیٹ کے قیام کی کوششوں کے حصے کے طور پر چین فوری خریدوفروخت کی منڈیوں کو فروغ دے گا جس سے قیمتوں کی بہتر عکاسی ہوگی اور رسد وطلب کا توازن قائم ہو گا اور اس کے ساتھ درمیانی اور طویل المدتی منڈیاں قائم کی جائیں گی تاکہ بجلی کی محفوظ اور مستحکم تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔
رہنما اصولوں کے مطابق یہ منڈی تمام اقسام کے مارکیٹ شرکاء کی منصفانہ اور وسیع شرکت کی حوصلہ افزائی کرے گی، جبکہ مارکیٹ کے قواعد و ضوابط اور تکنیکی معیارات کو یکساں بنایا جائے گا۔


