جمعہ, فروری 13, 2026
ہومتازہ ترینچین میں گھروں کی قیمتوں میں گراوٹ کے رجحان میں جنوری کے...

چین میں گھروں کی قیمتوں میں گراوٹ کے رجحان میں جنوری کے دوران کمی

بیجنگ (شِنہوا) جنوری میں چین کی ہاؤسنگ مارکیٹ میں بہتری کے آثار دیکھنے میں آئے کیونکہ 70 بڑے اور درمیانے درجے کے شہروں میں گھروں کی قیمتوں میں گراوٹ کا رجحان مجموعی طور پر گزشتہ ماہ کے مقابلے میں کم ہوا۔

قومی ادارہ شماریات (این بی ایس) کے مطابق چار بڑے شہروں بیجنگ، شنگھائی، گوانگ ژو اور شین ژین میں جنوری کے دوران نئے تعمیر شدہ گھروں کی قیمتیں گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 0.3 فیصد کم ہوئیں جبکہ پرانے گھروں کی قیمتوں میں 0.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح دوسرے درجے کے 31 شہروں میں نئے گھروں کی قیمتوں میں اوسطاً 0.3 فیصد اور دوبارہ فروخت ہونے والے گھروں کی قیمتوں میں 0.5 فیصد ماہانہ کمی دیکھی گئی جبکہ تیسرے درجے کے 35 شہروں میں نئے گھروں کی قیمتیں 0.4 فیصد اور پرانے گھروں کی قیمتیں 0.6 فیصد کم ہوئیں۔

این بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی بنیاد پر قیمتوں میں کمی کا دباؤ برقرار رہا اور تمام درجوں کے شہروں میں قیمتوں میں کمی کی شرح میں اضافہ ہوا۔

چین نے ریئل اسٹیٹ کے شعبے کے لئے پالیسی معاونت جاری رکھی ہوئی ہے اور رسد و طلب کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں ترقی کا ایک نیا ماڈل تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ حکام نے حال ہی میں بار بار اس بات پر زور دیا ہے کہ پراپرٹی کے شعبے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینا ضروری ہے۔

ہاؤسنگ اور شہری و دیہی ترقی کے وزیر نی ہونگ نے کہا ہے کہ چین شہر کی صورتحال کے مطابق مخصوص اور ہدف پر مبنی پالیسی اپنائے گا جس میں نئی سپلائی کو کنٹرول کرنا، موجودہ ذخیرے کو کم کرنا اور رہائش کے معیار کو بہتر بنانا شامل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیویلپرز کی معقول مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اور عوام کی بنیادی رہائشی ضروریات کے ساتھ ساتھ بہتر معیار کی رہائش کی طلب کو بھی زیادہ موثر طریقے سے پورا کیا جائے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں

error: Content is protected !!