اوٹاوا (شِنہوا) کینیڈا کے مغربی علاقے میں ایک سکول میں فائرنگ کے واقعے میں مبینہ حملہ آور سمیت کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے۔
رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس (آر سی ایم پی) نے بتایا کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے متعدد دیگر افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق برٹش کولمبیا صوبے کے شہر ٹمبلر رج کے ایک مقامی ہائی سکول کے اندر 6 افراد مردہ پائے گئے، ایک اور زخمی شخص ہسپتال منتقل کئے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔ مزید 2 لاشیں قریبی رہائش گاہ سے برآمد ہوئیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ ان کا اس واقعے سے تعلق ہے۔
آر سی ایم پی نے بتایا کہ حملہ آور سکول کے اندر "خود کو پہنچائی گئی چوٹ” کے باعث مردہ پایا گیا۔
پولیس نے کہا کہ شدید زخمی ہونے والے 2 افراد کو فضائی ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ مزید 25 افراد کا مقامی طبی مرکز میں معائنہ کیا جا رہا ہے۔
ٹمبلر رج ایلیمنٹری سکول کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا تاہم پولیس نے بعد ازاں طلبہ کو ان کے والدین کے حوالے کرنے کی اجازت دے دی۔ فائرنگ کے محرکات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔


